ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

February 4, 2025 4:12 PM

printer

وزیراعظم نریندر مودی، صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک پر آج شام لوک سبھا میں بحث کا جواب دیں گے

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدرجمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک پر لوک سبھا میں بحث آج دوسرے دن بھی جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی آج شام لوک سبھا میں بحث کا جواب دیں گے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بتایا ہے کہ امید ہے کہ وزیراعظم شام پانچ بجے ایوان میں بحث کا جواب دیں گے۔

جناب رجیجو نے اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو یہ کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبیلوں اور دیگر پسماندہ طبقوں کی بات تو کرتے ہیں، لیکن اُنہیں OBC برادری کا سب سے بڑا چہرہ نظر نہیں آتا، جو کہ خود وزیراعظم نریندر مودی ہیں۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے کہاکہ ملک اپنی وسیع صلاحیت اور وسائل ہونے کے باوجود موجودہ سرکار کے دور میں مینوفیکچرنگ کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار نہیں لاسکا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ملک میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے دعوؤں کے باوجود موجودہ سرکار عوام کی امیدوں پر پورا اُترنے میں مبینہ طور پر ناکام رہی ہے۔

سماجوادی پارٹی کے لیڈر نے مہاکمبھ کے واقعے کا معاملہ بھی اُٹھایا اور اترپردیش سرکار پر پریاگ راج میں لوگوں کی بھیڑ کی صورتحال سے نمٹنے میں کوتاہی برتنے کا الزام لگایا۔

سرکار نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت سرکار کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی پابند ہے۔ آج لوک سبھا میں سوالوں کے وقفے کے دوران ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ سال 2019 کے بعد سے سرکار نے پیداوار پر آنے والی لاگت سے اوپر 50 فیصد کے منافع کے ساتھ کم از کم امدادی قیمت MSP کی شرحیں مقرر کررکھی ہیں۔ وزیرموصوف نے کہا کہ یہ بڑے اطمینان کی بات ہے کہ بھارت ناریل کی پیداوار کے شعبے میں دنیا میں نمبر ایک ملک بن گیا ہے۔

اِدھر راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیئرمین ہری وَنش نے کچھ اپوزیشن ارکان کی پیش کردہ تحریک التوا مسترد کردی، جس میں مہاکمبھ واقعے پر بحث کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک کے سلسلے میں آج راجیہ سبھا میں بھی بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے BJP کے سرکردہ لیڈر بنسی لال گوجر نے کہا کہ بھارت وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت سرکار کے دور میں ترقی اور خوشحالی کے راستے پر تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ پچھلے دس سال سے سرکار نے جس انداز سے کام کیا ہے، اُس سے مقررہ وقت کے اندر وِکست بھارت کا مقصد حاصل کر لیا جائے گا۔ بحث ابھی جاری ہے۔×

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں