وزیراعظم نریندر مودی نے آج بہار کے دربھنگہ میں 12 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور انہیں ملک کے نام وقف کیا۔
علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے ایک اہم اقدام کے طور پر وزیراعظم مودی نے ایمس دربھنگہ کا سنگ بنیاد رکھا جس کی لاگت ایک ہزار 260 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اِس ایمس میں ایک سپراسپیشلٹی ہاسپٹل، آیوش بلاک، میڈیکل کالج، نرسنگ کالج، رین بسیرا اور رہائشی سہولتیں ہوں گی۔
وزیراعظم مودی نے آج ملک بھر کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر 18 پردھان منتری بھارتی جَن اَوشدھی کیندروں کا بھی افتتاح کیا۔
جناب مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بہار کے دربھنگہ سے دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کے ساتھ اِن کیندروں کا افتتاح کیا۔ اِن کیندروں سے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے سستی دواؤں کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سرکار ملک میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے ایک جامع نظریے کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کو سستی اور مفت صحت خدمات اور دوائیں فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں 75 ہزار نئی میڈیکل سیٹوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
جناب مودی نے کہا کہ اقتصادی طور پر کمزور طبقات کے لیے ملک بھر میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر کھولے جاچکے ہیں۔