وزیراعظم نریندرمودی نے ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی اور انہیں امریکی صدارتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی، دفاع، توانائی، خلا اور متعدد دیگر شعبوں میں بھارت اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک بار پھر مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کانگریس کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شاندار کارکردگی پر صدر ٹرمپ کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عالمی امن کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ بات چیت کے دوران جناب ٹرمپ نے کہاکہ پوری دنیا جناب مودی سے محبت کرتی ہے۔ بھارت کو ایک شاندار ملک قرار دیتے ہوئے جناب ٹرمپ نے وزیراعظم مودی کو ایک شاندار انسان قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ وہ جناب مودی اور بھارت کو سچا دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی اُن اولین رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن سے انہوں نے اپنی جیت کے بعد بات کی ہے۔