September 22, 2024 10:09 AM

printer

وزیراعظم نریندرمودی نے امریکہ کے دیلاوارا میں کواڈ رہنماؤں کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کی۔ کواڈ آزاد، کھلے، سبھی کی شمولیت والے اور خوشحال بھارت-بحرالکاہل کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ کواڈ ایک آزاد، کھلے، جامع اور خوشحال بھارت-بحرالکاہل کیلئے پرعزم ہے۔ امریکہ کے Delaware میں کواڈ رہنماؤں کی سربراہ کانفرنس میں اپنے افتتاحی کلمات میں وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ کواڈ یہاں رہنے، مدد کرنے، شراکت داری کرنے اور تکمیل کیلئے موجود ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ کواڈ سربراہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہورہی ہے جب دنیا تناؤ اور تنازعات میں گھری ہوئی ہے اور کواڈ ممالک کا مشترکہ جمہوری اقدار کی بنیاد پر مل کر کام کرنا پوری انسانیت کیلئے بے حد اہم ہے۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ یہ گروہ بندی کسی کے خلاف نہیں ہے اور یہ اصولوں پر مبنی بین الاقوامی نظام، خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے احترام اور تمام مسائل کے پرامن حل کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد، کھلا، جامع اور خوشحال بھارت-بحرالکاہل، کواڈممالک کی مشترکہ ترجیح اور مشترکہ عزم ہے۔

زیراعظم نے کہا کہ کواڈ ملکوں نے مل کر صحت، سیکورٹی، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، آب وہوا کی تبدیلی اور صلاحیت سازی جیسے شعبوں میں کئی مثبت اور جامع اقدامات کئے ہیں۔

جناب مودی نے 2025 میں بھارت میں کواڈ رہنماؤں کی سربراہ کانفرنس کے انعقاد پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

کواڈسربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے سے قبل وزیراعظم مودی نے کل رات امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ Delaware میں واقع ان کے آبائی شہر Wilmington میں دوطرفہ بات چیت کی۔ ایک خصوصی خیرسگالی کے جذبے کے تحت امریکی صدر نےDelaware میں واقع اپنی رہائش گاہ  Greenville پر جناب مودی کی میزبانی کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور امریکہ کے درمیان جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کیلئے نئی راہوں کی نشاندہی کی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات چیت انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہی۔ انہوں نے امریکی صدر کا اپنی رہائش گاہ پر میزبانی کیلئے شکریہ ادا کیا۔

 بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں میں بھارت- امریکہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے طور طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت- بحرالکاہل خطے اور اس سے باہر کے عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدر بائیڈن نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکہ کی ساجھیداری اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ مضبوط، قریبی اور زیادہ متحرک ہے۔

وزیراعظم مودی نے کواڈ سربراہ کانفرنس کے موقع پر جاپان کے اپنے ہم منصب فومیو کشیدہ کے ساتھ میٹنگ کی اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت-جاپان تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے طور طریقوں کے بارے میں گفتگو کی۔

جناب مودی نے آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھنی البانیز کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدے کے ساتھ ساتھ بھارت- بحرالکاہل خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم نے کہا کہ  بھارت- آسٹریلیا شراکت داری کو مستحکم کرنے کے طورطریقوں کے بارے میں وزیراعظم مودی کے ساتھ ان کی بات چیت اچھی رہی۔

وزیراعظم مودی آج نیویارک میں بھارتی برادری کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے۔ جناب مودی امریکہ میں واقع سرکردہ کمپنیوں کے CEOsکے ساتھ بھی بات چیت کریں گے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔

وزیراعظم کل نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں مستقبل کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس سربراہ اجلاس کا موضوع ہے: ’بہتر کَل کیلئے کثیر رخی حل‘۔ اس کانفرنس میں عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ میٹنگیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں