وزیراعظم نریندرمودی اور اسپین کے اُن کے ہم منصب Pedro Sanchez نے آج وڈودرہ میں C-295 طرز کے فوجی ہوائی جہاز تیار کرنے کے لیے ٹاٹا اِیئر کرافٹ کمپلیکس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ٹاٹا ایئر کرافٹ کمپلیکس سے عالمی اِیرو اِسپیس مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ایک بھروسے مند ساجھیدار کی حیثیت سے بھارت کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کے دفاعی شعبے کی غیر معمولی ترقی اور سرکار کی جانب سے کیے گئے کئی اقدامات کو اُجاگر کیا، جن کا مقصد ملک میں ایک مضبوط دفاعی صنعت بنانا اور دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی ساجھیداری کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے پانچ سال کے دوران ملک میں دفاع کے شعبے میں تقریباً ایک ہزار اِسٹارٹ اَپ اِدارے قائم کیے گئے ہیں۔ گزشتہ دَس سال کے دوران بھارت کی دفاعی برآمدات میں 30 گنا اضافہ ہوا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ بھارت اَب 100 سے زیادہ ملکوں کو دفاعی سازوسامان برآمد کررہا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وڈودرہ میں ایئر کرافٹ کمپلیکس سے نہ صرف بھارت- اِسپین تعلقات مستحکم ہوں گے، بلکہ ’میک اِن انڈیا اور میک فار دِی ورلڈ‘ مشن کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ مرکزملک کے نوجوانوں کو ہنرمندی اور تکنیک فراہم کرنے میں بھی اہم رول ادا کرے گا اور اُن کیلئے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔
خوراک، فلموں اور فٹ بال کے ذریعہ بھارت اور اسپین کے درمیان عوام سے عوام کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سال 2026 کو کلچر، سیاحت اور AI کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اِسپین کے وزیراعظم Pedro Sanchez نے کہا کہ اِیئر بَس اور ٹاٹا کے درمیان ساجھیداری سے بھارتی اِیرو اِسپیس صنعت کی ترقی میں مدد ملے گی اور دیگر یوروپی کمپنیوں کیلئے بھی نئے دروازے کھلیں گے۔
ہمارے نامہ نگار نگار نے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ہوائی اڈے سے ٹاٹا ایئرکرافٹ کمپلیکس تک روڈ شو کیا۔
اِس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں ہی امریلی میں تقریباً 4 ہزار 900 کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
جناب مودی امریلی میں Dudhala کے مقام پر ڈھولکیہ فاؤنڈیشن، بھارت ماتا سروور کی پانی کو بچاکر رکھنے کی پہل کا بھی افتتاح کریں گے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ امریلی میں آج جن پروجیکٹوں کا آغاز کیا جارہا ہے، وہ سڑک، ریلوے، پانی کی سپلائی اور سیاحت سے متعلق ہیں۔