وزیراعظم نریندر مودی آج نئی دلی میں بنگلہ دیش کی اپنی ہم منصب شیخ حسینہ سے بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کیلئے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بھارت اور بنگلہ دیش، مختلف معاملات پر کئی سمجھوتوں پر بھی دستخط کریں گے۔ محترمہ حسینہ بھارت کے دو روزہ دورے پر کَل نئی دلی پہنچیں۔
جناب مودی کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے علاوہ محترمہ حسینہ کا صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے ملاقات کا بھی پروگرام ہے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کَل محترمہ شیخ حسینہ سے ملاقات کی اور مختلف دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم کا بھارت کا سرکاری دورہ دونوں ملکوں کے درمیان نزدیکی اور دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت کا کلیدی شراکت دار اور بھروسے مند پڑوسی ہے اور وزیراعظم شیخ حسینہ کے دورے سے دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
محترمہ شیخ حسینہ بھارت بحرالکاہل خطے اور بھارت کے پڑوسی ممالک کے اُن 7 سرکردہ رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے 9 جون کو راشٹرپتہ بھون میں منعقدہ جناب مودی اور مرکزی وزراء کی کونسل کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔