وزیراعظم نریندر مودی آج ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ 22 ویں بھارت-روس سالانہ سربراہ کانفرنس کی مشترکہ طور پر صدارت کریں گے۔ اِس سالانہ چوٹی میٹنگ کے دوران وزیراعظم مودی اور صدر پوتن دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، ثقافت اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں سمیت وسیع تر دوطرفہ معاملات کا جائزہ لیں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی اپنے نظریات کا تبادلہ کریں گے۔ دونوں رہنما برکس، شنگھائی تعاون تنظیم SCO، جی-ٹوینٹی، مشرقی ایشیا سربراہ میٹنگ، اور اقوام متحدہ جیسے عالمی اہمیت کے اداروں میں باہمی رابطوں کا بھی جائزہ لیں گے۔
جناب مودی روس اور آسٹریا کے تین روزہ سرکاری دورے کے تحت کَل شام ماسکو پہنچے ہیں۔
وہاں پہنچنے پر وزیراعظم مودی کا Vnukovo-II ہوائی اڈے پر روس کے پہلے نائب وزیراعظم Denis Manturov نے خیرمقدم کیا اور انہیں رسمی استقبالیہ دیا گیا۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کَل شام وزیراعظم مودی کے اعزاز میں ایک عشائیے کی بھی میزبانی کی۔
آج وزیراعظم نریندر مودی روس میں بھارتی برادری کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وہ کریملن میں Tomb Of The Unknown Soldier پر گُل دائرہ نذر کریں گے اور ماسکو میں Rosatom پویلین کا دورہ کریں گے۔ اِس کے بعد وفود کی سطح کی بات چیت ہوگی۔
دو ملکوں کے اپنے دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت وزیراعظم مودی آج بعد میں آسٹریا کا دورہ کریں گے۔ وہ آسٹریا کے چانسلر کی دعوت پر وہاں کا دورہ کررہے ہیں اور یہ جناب مودی کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہوگا۔ وہ آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطحی کاروباری رابطے سے متعلق وفود سطح کی بات چیت کریں گے۔
آسٹریا ایک اہم وسطی یوروپی ملک ہے اور بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، اعلیٰ ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپ اور میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں باہمی اشتراک کی خاطر یہاں زبردست امکانات ہیں۔