وزیراعظم نریندر مودی آج نئی دلّی میں پہلے بوڈولینڈ مہوتسو کا افتتاح کریں گے۔ یہ دو روزہ مہوتسو ایک متحرک بوڈو سماج کی تعمیر اور امن کو برقرار رکھنے کی خاطر زبان وادب اور ثقافت پر مبنی ایک عظیم الشان تقریب ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ِاس مہوتسو کا مقصد نہ صرف بوڈولینڈ کے مقامی باشندوں بلکہ آسام، مغربی بنگال اور نیپال کے دیگر حصوں اور شمال مشرق کے دیگر بین الاقوامی سرحدی علاقوں کے افراد کو مربوط کرنا ہے۔
اس مہوتسو کا موضوع ’خوشحال بھارت کیلئے امن و ہم آہنگی ہے‘، جس کے تحت بوڈولینڈ علاقائی خطے کی دیگر برادریوں کے ساتھ بوڈو برادری کی مالا مال ثقافت، زبان اور معلومات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ مہوتسو وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2020 میں بوڈو امن معاہدے پر دستخط کئے جانے کے بعد سے بحالی اور پائیداری کے نمایاں سفر کا جشن منانے کا بھی ایک موقع ہے۔ اِس امن معاہدے سے بوڈو لینڈ میں صدیوں سے چلے آرہے تنازع اور تشدد کو ختم کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس تقریب میں بوڈو لینڈ خطے، آسام، مغربی بنگال، تریپورہ، ناگالینڈ، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور ملک کے مختلف حصوں سے پانچ ہزار سے زیادہ ثقافتی، لسانی اور فنون سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔×