نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کو بنگلہ دیش کی عبوری سرکار کے سربراہ کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے آج شام ڈھاکہ میں Bang بھون میں اُنہیں حلف دلایا۔ اِس موقع پر مختلف ملکوں کے سفارتکار بھی موجود تھے۔
محمد یونس 28 جون 1940 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایک بنگلہ دیشی کاروباری، بینکر اور اقتصادی ماہر ہیں۔ انہیں گرامین بینک قائم کرنے اور مائیکرو کریڈٹ اور مائیکرو فائنانس کے نظریے کو فروغ دینے کے صلے میں 2006 میں نوبیل امن انعام سے سرفراز کیا گیا تھا۔
ڈھاکہ میں مزید چار اسسٹنٹ ہائی کمیشنز سمیت بھارتی ہائی کمیشن وہاں رہنے والے اُن بھارتی شہریوں کے ساتھ رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں جو واپس آنا چاہتے ہیں۔ آج نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ سردست 9 ہزار طلبا سمیت تقریباً 19 ہزار بھارتی شہری بنگلہ دیش میں ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سرکار اِن افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر ہائی کمیشن کے ساتھ لگاتار رابطہ قائم کئے ہوئے ہے۔
ترجمان نے یہ بات دوہرائی کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے بھارت آنے کی منظوری مختصر مدت کے نوٹس پر دی گئی۔ جناب جیسوال نے زور دے کر کہا کہ سرکار بنگلہ دیش میں اقلیتوں کی صورتحال سمیت وہاں کے حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اِس طرح کی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ مختلف گروپوں اور تنظیموں نے اقلیتوں کے تحفظ اور غیروعافیت کو یقینی بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔
Site Admin | August 8, 2024 9:54 PM