جموں و کشمیر اسمبلی، آج اپنے نئے اسپیکر کو منتخب کرنے کیلئے اجلاس منعقد کرے گی۔ اِس عہدے کیلئے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر عبدالرحیم راتھر کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کی گئی آج کی کارروائی کی فہرست کے مطابق ایوان کی کارروائی آج صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگی اور ایجنڈے پر اسپیکر کا انتخاب سرفہرست رہے گا۔ امکان ہے کہ نئے اسپیکر کا انتخاب کافی آسان رہے گا کیونکہ نیشنل کانفرنس کے 41 اسمبلی ارکان ہیں جبکہ 90 رکنی اسمبلی میں حلیف پارٹیوں کانگریس کے چھ اور سی پی آئی ایم کا ایک ممبر ہے۔
نیشنل کانفرنس نے بی جے پی کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کی پیشکش کی ہے، جو 29 ارکان کے ساتھ اسمبلی میں دوسری سب سے بڑی پارٹی ہے۔ حالانکہ ایک ممبر بعد میں انتقال کرگئے ہیں۔ بی جے پی نے اِس عہدے کیلئے نریندر سنگھ کو چنا ہے۔ اسپیکر کے الیکشن کے بعد ارکان صبح ساڑھے گیارہ بجے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا خطاب سننے کیلئے اسمبلی ہال میں جمع ہوں گے۔