وزارت خارجہ نے آج کہا کہ بھارت اور امریکہ کی شراکت داری کثیر رُخی اور خصوصی ہے۔ آج نئی دلّی میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیرجیسوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر منتخب ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور اُنھیں یہ پیغام دیا کہ بھارت، بھارت-امریکہ جامع عالمی اور جامع شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے تئیں پُرامید ہے۔ جناب جیسوال نے کہا کہ بھارت اور امریکہ لوگوں کی بہتری اور امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں گے۔ کناڈا کے شہر ٹورنٹو میں قونصل خانے کے پہلے سے طے شدہ کیمپوں میں سے کچھ کو منسوخ کرنے کے بارے میں جناب جیسوال نے کہا کہ اِن کیمپوں کو منسوخ کردیا گیا ہے کیونکہ اُنھیں کناڈا کی حکومت کی جانب سے مناسب سکیورٹی یا سکیورٹی سے متعلق یقین دہانی حاصل نہیں تھی۔
انھوں نے کہا کہ قونصل خانے کے اِن کیمپوں کا انعقاد بھارتی کمیونٹی کی تنظیموں کی درخواست پر کیا جاتا ہے اور اِن کا انعقاد کمیونٹی تنظیموں کی سہولت کے مطابق کیا جائے گا۔ کناڈا کے Brampton میں ایک مندر پر حملے کے واقعے کے بارے میں جناب جیسوال نے کہا کہ بھارت نے اِس حملے کی مذمت کی ہے اور کناڈا کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کی بالادستی قائم کرے اور اُن افراد کے خلاف کارروائی کرے جنھوں نے تشدد پھیلایا ہے۔ افغانستان کو انسانی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ 50 ہزار میٹرک ٹن گیہوں، 300 ٹن ادویہ اور 28 ٹن زلزلے سے متعلق راحت کا سازوسامان افغانستان کو فراہم کیا گیا ہے۔
Site Admin | November 7, 2024 9:30 PM