مہاراشٹر اورجھارکھنڈ اسمبلی کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ گنتی کا یہ عمل دونوں ریاستوں میں صبح آٹھ بجے، ڈاک سے بھیجے گئے ووٹوں کی گنتی کے ساتھ شروع ہوا، جس کے بعد EVMs پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی۔
مہاراشٹر میں سبھی 288 اسمبلی سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی کی جا رہی ہے۔ اِن سیٹوں پر پولنگ اِس مہینے کی 20 تاریخ کو واحد مرحلے میں کی گئی تھی۔
ریاست میں نانڈیڑ لوک سبھا سیٹ کے، ضمنی چناؤ کے ووٹوں کی گنتی بھی جاری ہے۔ پوری ریاست میں 288 گنتی مرکز قائم کیے گئے ہیں اور نانڈیڑ لوک سبھا حلقے کے ووٹوں کی گنتی کے لیے ایک الگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔
اِس کے علاوہ اسمبلی ووٹوں کی گنتی کی نگرانی کے لیے 288 مشاہدین مقرر کیے گئے ہیں جبکہ دومشاہدین، نانڈیڑ لوک سبھا سیٹ کے ووٹوں کی گنتی کی نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
خوش اسلوبی اور نظم و نسق کے ساتھ گنتی کا عمل جاری رہے، اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔مرکزی، ریاستی اور مقامی حفاظتی دستے گنتی مرکزوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔
اُدھر جھارکھنڈ میں بھی، سبھی 81 اسمبلی سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی کا عمل پُرامن طور پر جاری رکھنے کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر ایک گنتی مرکز پر، تین زمروں پر مشتمل حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ اعلیٰ انتخابی افسر کے۔روی کمار نے کہا کہ ریاست کے ضلع دفتروں میں 24 گنتی مرکز قائم کیے گئے ہیں۔
آج دو لوک سبھا سیٹوں اور 13 ریاستوں کے 46 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی کی جارہی ہے۔ یہ لوک سبھا سیٹیں ہیں: کیرالہ میں ویاناڑ اور مہاراشٹر میں نانڈیڑ۔
اترپردیش کی 9 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے۔ راجستھان کی 7، مغربی بنگال کی 6، آسام کی 5، بہار اور پنجاب میں چار۔چار، کرناٹک میں 3، مدھیہ پردیش اور کیرالہ میں دو۔دو، اور گجرات، چھتیس گڑھ،میگھالیہ اور اتراکھنڈ میں ایک۔ایک سیٹ پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کی جار ہی ہے۔
سکم میں برسرِ اقتدار سکم کرانتی کاری مورچے نے دو اسمبلی سیٹیں: سورینگ- چاکُھنگ اور نامچی- سِنگھی تَھنگ سیٹ پر بلا مقابلہ حاصل کی ہیں۔