مختلف اکھاڑوں کے سنتوں اور سادھوؤں نے آج مونی اماوسیہ کے موقع پر تریوینی سنگم میں امرِت اسنان کیا۔ اس موقع پر سنتوں اور سادھوؤں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
اس سے قبل اکھاڑوں کی اسنان کی رسم لوگوں کی زیادہ بھیڑ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی، تبھی سنگم گھاٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔
مہاکنبھ کا دوسرا امرت اسنان جاری ہے اور لاکھوں عقیدتمند تریوینی سنگم میں پوِتر ڈُبکی لگا رہے ہیں۔ مونی اماوسیہ کو مذہبی اہمیت حاصل ہے اور اس دن امرت اسنان انتہائی پوِتر اور مبارک سمجھا جاتا ہے۔ آج دوپہر 2 بجے تک پانچ کروڑ سے زیادہ لوگ پوِتر ڈبکی لگا چکے تھے۔
مہاکنبھ میلہ، جسے دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع کے طور پر جانا جاتا ہے، 13 جنوری کو شروع ہوا تھا اور اب تک تقریباً 25 کروڑ عقیدتمند اس میں پوِتر ڈبکی لگاچکے ہیں۔
ریلوے انتظامیہ آج 190 خصوصی ٹرینیں چلا رہی ہے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، شمالی سینٹرل ریلوے کے تعلقاتِ عامہ کے افسر ششی کانت ترپاٹھی نے بتایا کہ اسنان کرنے کے بعد بڑی تعداد میں عقیدتمند اپنے اپنے گھر واپس جانے کیلئے ریلوے اسٹیشن آرہے ہیں۔