منی پور کے بشنو پور ضلع کے مورانگ قصبے میں آج ہوئے راکٹ بم حملے میں ایک معمر شخص کی موت ہوگئی اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ آج دوپہر اُس وقت پیش آیا جب کچھ مسلح شرپسندوں کی جانب سے داغا گیا راکٹ بم، مورینگ- سیندرا روڈ پر واقع ایک گھر پر پھٹ پڑا۔
یہ گھر سابقہ انڈین نیشنل آرمی، INA کے مجاہد آزادی اور منی پور کے سابق وزیر اعلیٰ کورینگ سنگھ کا ہے۔ ہلاک ہونے والا معمر شخص جائے وقوع پر کوئی کام کر رہا تھا۔ یہ جائے وقوع، مورینگ میں INA یادگار کمپلیکس کے قریب ہے اور تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔
بھارت کی جد و جہد آزادی کے دوران دوسری عالمی جنگ کے موقعے پر اس جگہ نیتاجی سبھاش چندر بوس کی زیرِ کمان INA پرچم لہرایا گیا تھا۔اسی دوران ریاست میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے منی پور حکومت نے کل سبھی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
Site Admin | September 6, 2024 9:49 PM