ملک کے شمالی علاقوں میں گھنے کہرے کی وجہ سے نہایت کم فاصلے تک نظر آرہا ہے۔ بھارتی موسمیات محکمے IMD نے اگلے دو روز کے دوران پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ کے بیشتر علاقوں، جبکہ اترپردیش اور راجستھان کے الگ الگ مقامات پر رات اور صبح کے اوقات میں گھنے سے بہت گھنا کہرا چھائے رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ موسمیات کے محکمے نے کہا ہے کہ کل دلّی، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مغربی بنگال کے ذیلی ہمالیائی خطے کے الگ الگ مقامات پر، جبکہ شمال مشرقی ریاستوں کے بعض علاقوں میں گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ IMD نے مزید کہا کہ کل، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دلّی اور مغربی راجستھان کے علاقوں میں سردی کے حالات بنے رہیں گے۔
موسمیات کے محکمے نے کل اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالہ اور ماہے کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ IMD نے کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے شمال مغربی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں کم سے کم درجہئ حرارت میں بتدریج دو سے تین ڈگری سیلسیس کی کمی آنے کا امکان ہے۔ گھنے کہرے کی وجہ سے ملک کی شمالی ریاستوں میں ریل اور فضائی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ دلّی آنے والی تقریباً 25 ٹرینوں کو 7 سے 8 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اِن ٹرینوں میں کاشی وشو ناتھ ایکسپریس، پُرشوتم سپُر فاسٹ ایکسریس، فرکّا ایکسپریس، پریاگ راج ایکسپریس، یوپی سمپرک کرانتی اور سِرسا ایکسپریس شامل ہیں۔ دلّی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر کہرے کی وجہ سے کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
تاہم کوئی بھی پرواز ردّ نہیں کی گئی۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گھر سے روانہ ہونے سے قبل ٹرینوں اور پروازوں سے متعلق تازہ ترین جانکاری حاصل کرلیں۔ x