شمالی بھارت میں، شدید سردی جاری ہے۔ بھارت کے محکمہئ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر، لداخ، گِلگت، بلتستان اور مظفرآباد میں، آئندہ چار پانچ دن کے دوران درجہئ حرارت میں، چار سے پانچ ڈگری سیلسئس، بتدریج کمی کا امکان ہے۔ محکمے نے، آج ہماچل پردیش کے الگ الگ علاقوں میں، گرج چمک کے ساتھ، شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
آج صبح دلّی کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے قومی راجدھانی میں درجہ حرارت کم ہوگیا۔ بھارتی محکمہ موسمیات IMD کے مطابق آج صبح دلّی کا درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اُدھر آج صبح دلّی-NCR میں گھنے کہرے کی وجہ سے ریل اور سڑک ٹریفک میں رخنہ پڑا۔
جموں وکشمیر میں 275 کلو میٹر طویل اہم جموں -سری نگر قومی شاہراہ NH-44 بھاری برفباری کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ پچھلی رات قاضی گُنڈ میں شدید برفباری کی وجہ سے جموں -سری نگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کی آمد ورفت بند کردی گئی ہے۔ حکام نے لوگوں کو صلاح دی ہے کہ وہ موسم کے بہتر ہونے تک قومی شاہراہ پر جانے سے گریز کریں۔ اُدھر تاریخی مغل روڈ، جو قومی شاہراہ کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، وہ بھی آج مسلسل دسویں دن بند رہا۔
ملک کے شمالی خطے میں گھنا کُہرا چھائے رہنے اور کم دوری تک دکھائی دینے کی وجہ سے کئی ریل گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے۔ بھارتی ریلویز کے مطابق دلّی آنے والی تقریباً 30 ریل گاڑیاں تین گھنٹے تک تاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔ شرم شکتی ایکسپریس، پورا ایکسپریس، پدماوَت ایکسپریس، ایودھیا ایکسپریس، لکھنؤ میل، شرم جیوی ایکسپریس، وِکرم شیلا ایکسپریس اور مالوا ایکسپریس تاخیر سے پہنچنے والی گاڑیوں میں شامل ہیں۔ مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ اسٹیشن آنے سے پہلے ریل گاڑیوں کے تازہ وقت کے بارے میں جانکاری حاصل کرلیں۔