July 30, 2024 2:28 PM

printer

ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار GDP، 8 فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے: وزیراعظم

 

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار GDP، 8 فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے اور وہ دن دور نہیں ہے جب بھارت کی معیشت دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گی۔  آج نئی دلی میں ”مرکزی بجٹ 2024-25 کے بعد کی کانفرنس، وِکست بھارت کی جانب سفر“ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کووڈ وبا سے نمٹنے کے بعد نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکار جس رفتار اور تیزی کے ساتھ بنیادی ڈھانچہ تیار کررہی ہے، وہ بے مثال اور غیرمعمولی ہے۔اُنھوں نے کہاکہ سرمایہ اخراجات کو وسائل کی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا موثر اور کارآمد ذریعہ کہا جاتا ہے، جناب مودی نے کہا کہ 2004 میں یوپی اے حکومت کے پہلے بجٹ میں سرمایہ اخراجات تقریبا 90 ہزار کروڑ روپے تھے جو 2014 میں بڑھ کر دو لاکھ کروڑ روپے ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب سرمایہ اخراجات گیارہ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مرکزی بجٹ کا ہجم تین گنا بڑھ کر 48 لاکھ کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزارتوں کیلئے مختص رقم میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت وہ واحد ملک ہے جہاں زیادہ ترقی اور کم افراط زر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں 25کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت ترقی اور استحکام کا مشعل ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اُن کی سرکار کا واضح ارادہ اور پختہ عزم ہے اور وہ وکست بھارت پر پوری توجہ کے ساتھ کام کررہی ہے۔

دن بھر چلنے والی اِس کانفرنس کا اہتمام بھارتی صنعتوں کی کنفیڈریشن CII کررہی ہے اور اِس کا مقصد اِس کوشش میں ترقی کے لیے سرکار کے وسیع تر نظریے اور صنعت کے رول کا خاکہ پیش کرنا ہے۔ اِس کانفرنس میں صنعتوں، سرکار، سفارتی برادری اور دانشورانہ حلقوں کے ایک ہزار سے زیادہ مندوبین شرکت کررہے ہیں جبکہ کئی دیگر شرکاء ملک بھر میں CII کے مختلف مراکز اور بیرون ملک سے بھی ورچوئل وسیلے سے اس میں شامل ہورہے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں