ملک آج ہی کے دن 2001 میں ایک دہشت گردانہ حملے کے دوران، پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کررہا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج حفاظتی عملے کے اُن افراد کی ہمت اور بے لوث خدمات کو یاد کیا، جنہوں نے پارلیمنٹ پر حملے کے دوران اپنی جانیں قربان کردی تھیں۔
صدر مرمو نے ایک پیغام میں دہشت گردی سے لڑنے کے، بھارت کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا اور زور دے کر کہا کہ ملک، دہشت گرد طاقتوں کے خلاف متحد ہے۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے آج صبح نئی دِلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں اِن شہیدوں کو گلہائے عقیدت نذر کئے۔
بعد میں، وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اِن شہیدوں کے تئیں اِن کے حوصلے اور خود کو وقف کردینے پر ہمیشہ اِن کا شکر گزار رہے گا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے آج، 2001 میں پارلیمنٹ پر کئے گئے حملے کے دوران شہید ہوجانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں ایوانوں کے ارکان نے اِن بہادر سپاہیوں کے تئیں احترام ظاہر کرتے ہوئے، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ جب لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے کہاکہ 2001 میں آج ہی کے دن پارلیمنٹ کے چوکس حفاظتی عملے نے اپنی مثالی ہمت اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی، بدنیتی پر مبنی کوششوں کو ناکام بنا دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے دوران پارلیمنٹ کی سیکورٹی خدمات، دِلی پولیس، CRPF سے تعلق رکھنے والے حفاظتی عملے کے آٹھ افراد اور CPWD کا ایک شخص شہید ہوگیا تھا۔ اُنہوں نے کہاکہ اِس موقع پر ایوان نے دہشت گردی سے سختی سے لڑنے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ آج کا دن، پارلیمنٹ پر المناک دہشت گردانہ حملے کو 23 سال پورے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ حفاظتی عملے کے بہادر جوان، بدنیتی پر مبنی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے چوکس ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ دن قومی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے میں چوکسی اور اتحاد کی ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ملک کے عوام کو ہمارے اتحاد، آزادی اور انصاف کے تحفظ کیلئے پابند عہد ہونا چاہئے۔