ملک بھر کے ماہرین تعلیم اور محققین نے پانچ بھارتی زبانوں کو کلاسیکی زبان کا درجہ دینے کے مرکزی کابینہ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ کابینہ نے جمعرات کو آسامی، بنگالی، مراٹھی، پالی اور پراکرت کو کلاسیکی زبانوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ یہ درجہ ملنے سے اِن زبانوں کے لیے اپنے مطالعے اور تحفظ کو فروغ دینے کی غرض سے حکومت سے مختلف فوائد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ آکاشوانی نیوز سے بات کرتے ہوئے کلکتہ یونیورسٹی کے بودھ مطالعے کے محکمے کے پروفیسر ڈاکٹر اُجول کمار نے کہا کہ یہ زبانیں ثقافتی ورثہ کی حامل ہیں، اور اس فیصلے سے اِن زبانوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اِس سے ادب کے طلبا کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس کے ممبر سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی نے کہا کہ اِن زبانوں کو شامل کیے جانے کی تاریخی اہمیت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کا قدیم ادب اِن زبانوں میں دستیاب ہے اور اِن زبانوں کو شامل کیے جانے سے مطالعے اور تحقیق میں مدد ملے گی۔
Site Admin | October 5, 2024 4:15 PM