ملک آج 76 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نئی دلی میں کرتویہ پتھ سے یومِ جمہوریہ کا جشن منانے میں قوم کی قیادت کریں گی۔ یوم جمہوریہ کی پریڈ صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگی اور تقریباً 90 منٹ تک جاری رہے گی۔
کرتویہ پتھ پر یوم جمہوریہ پریڈ بھارت کی ثقافتی گوناگونیت اور فوجی صلاحیتوں کا ایک انوکھا امتزاج ہوگا، جس میں آئین کے نفاذ کے 75 سال پورے ہونے اور جَن بھاگیداری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یوم جمہوریہ پریڈ کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے قومی جنگی یادگار پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے ساتھ ہوگا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ایک روایتی بگی میں سوار ہو کر کرتویہ پتھ پہنچیں گی اور باقاعدہ مارچ پاسٹ کے دوران سلامی لیں گی، جس میں مسلح افواج، نیم فوجی دستوں، معاون سول فورسز، این سی سی اور این ایس ایس کی شاخیں شامل ہوں گی۔
انڈونیشیا کے صدر Prabowo Subianto یوم جمہوریہ پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
پریڈ میں انڈونیشیا کے 160 رکنی مارچنگ دستہ اور 190 رکنی بینڈ دستہ بھی حصہ لے گا۔ پریڈ میں مختلف ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی حکومت کی وزارتوں اور محکموں کی 31 جھانکیاں حصہ لیں گی، جس میں ”سورنم بھارت: وراثت اور وکاس“ کے تھیم کو اجاگر کیا جائے گا۔ تقریب کا اختتام 47 طیاروں کے فلائی پاسٹ کے ساتھ ہوگا۔
ملک اور معاشرے کی تعمیر میں ان کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خصوصی مہمانوں کو تقریب کا مشاہدہ کرنے کے لیے حکومت کے خصوصی مہمانوں کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
34 زمروں میں دس ہزار خصوصی مہمانوں کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے جن میں گاؤں کے سرپنچ، دستکاری اور ہتھ کرگھا کے کاریگر، اپنی مدد آپ گروپ کے ممبران، آشا اور آنگن واڑی کارکنان اور سڑک کی تعمیر کے کارکنان کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔