June 17, 2024 9:53 PM

printer

مغربی بنگال میں ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جائے حادثہ کا دورہ کیا

مغربی بنگال میں آج صبح نیو جلپائی گڑی اسٹیشن کے نزدیک اگرتلہ- سیالدہ کنچن جنگا ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اِس حادثے میں 9 افراد کی موت ہوگئی جبکہ کم از کم 60 افراد زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ نیو جلپائی گڑی سے کوئی 7 کلو میٹر دور رنگا پانی اسٹیشن کے نزدیک پیش آیا۔ اِس کے سبب پیچھے کے دو ریل ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ریل حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کیلئے وزیر اعظم کے قومی راحت فنڈ سے دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بتایا کہ مرنے والوں کو معاوضہ بڑھاکر دیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ موت ہونے کی صورت میں 10 لاکھ روپے، شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی ہونے والوں کو پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
اِدھر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اِس واقعے پر صدمے کا اظہار کیا ہے اور اِس حادثے کیلئے ریلوے کی وزارت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ وہ جائے حادثہ کا دورہ کر رہی ہیں۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج سہ پہر رنگا پانی کے مقام پر ٹرین حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ سڑک راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے وہ ایک موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھ کر جائے حادثہ پر گئے۔
وزیر موصوف زخمیوں کو دیکھنے کیلئے اسپتال بھی گئے۔
ریاست کے گورنر سی وی آنند بوس بھی جائے حادثہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ اِدھر سلی گڑی میں آج صبح سے تیز بارش ہو رہی ہے، جس سے بچاؤ کارروائی متاثر ہوئی ہے۔
یہ ریل گاڑی اگرتلہ سے سیالدہ جا رہی تھی کہ آج صبح 9 بجے کے آس پاس یہ حادثہ پیش آیا۔ اِس کی وجہ سے طویل دوری کی ریل خدمات عارضی طور پر روک دی گئیں۔ x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں