دلّی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے کہاہے کہ معمول کے داخلے کے مرحلے مکمل ہونے کے بعد خالی رہنے والی سیٹوں کو پُر کرنے کیلئے یونیورسٹی بارہویں کلاس کے نمبروں کا استعمال کرے گی۔ اِس سے قبل یونیورسٹی گرانٹس کمیشن UGC نے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز میں سبھی سیٹوں کو پُر کیے جانے کو یقینی بنانے کی خاطر مرکزی یونیورسٹیوں کیلئے معیاری طور طریقوں کی فہرست جاری کی تھی۔ UGC نے کہاہے کہ پورے تعلیمی سال سیٹوں کو خالی رکھنا نہ صرف وسائل کو ضائع کرنا ہے بلکہ اِس سے کئی طلبا معیاری اعلیٰ تعلیم سے بھی محروم رہیں گے۔
مذکورہ ہدایت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے یوگیش سنگھ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ وہ UGC کی اِس ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دلّی یونیورسٹی، انڈرگریجویٹ پروگراموں میں خالی سیٹیں پُر کرنے کیلئے بارہویں کلاس کے نمبروں کا استعمال کرے گی۔ پچھلے سال سبھی سیٹوں کو پُر کرنے کیلئے مختلف طریقے اختیار کیے جانے کے باوجود دلّی یونیورسٹی میں تقریباً پانچ ہزار سیٹیں خالی رہی تھیں۔