September 6, 2024 2:46 PM

printer

مرکز نے کہا ہے کہ NDRF کی ٹیموں اور بھارتی فضائیہ کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ سرکاروں کی، بچاؤ اور راحت کوششوں میں مدد کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے آج کھمم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا

مرکزی وزارت داخلہ میں، قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے ایڈیشنل سکریٹری سنجیو کمار جندل کی قیادت والی مرکزی ٹیم نے کہا ہے کہ NDRF ٹیموں اور بھارتی فضائیہ کو، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کاموں میں،    آندھرا پردیش اور تلنگانہ سرکاروں کی مدد کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں NDRF کی ٹیموں نے 350 افراد کو بچایا اور تقریباً 15 ہزار افراد کو، سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکالا۔ تلنگانہ میں 68 لوگوں کو بچایا گیا ہے اور تقریباً 3 ہزار 200 افراد کو نکالا گیا ہے۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں جاری سیلاب کی صورتحال اور بچاؤ کارروائی کا جائزہ لینے کے بعد جناب سنجیو کمار جندل نے آج اِس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔ جناب جندل نے کہا کہ NDRFکی 26 ٹیموں، بھارتی فضائیہ کے 8 ہیلی کاپٹروں، بحریہ کے 3 ہیلی کاپٹروں اور ڈورنیئر طیاروں کو آندھرا پردیش بھیجا گیا ہے اور NDRF کی سات ٹیموں اور بھارتی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں کو تلنگانہ روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ اور بحریہ کے ہیلی کاپٹروں نے تقریباً 71 ہزار کلو گرام خوردنی اشیاء اور راحت کا سامان تقسیم کیا ہے۔

دوسری طرف زراعت کے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق آندھراپردیش میں سیلاب کی وجہ سے ایک لاکھ 80 ہزار ہیکٹیئر زمین پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جس سے تقریباً 2 لاکھ کسان متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر پھولوں اور ہلدی کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ جناب چوہان سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آندھراپردیش اور تلنگانہ کے دو دن کے دورے پر گئے   ہوئے ہیں۔ زراعت کے وزیر نے نقصانات کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد مرکزی سرکار کی طرف سے اِن دونوں ریاستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ NDRF کی ٹیمیں اور محکمہئ زراعت کے اہلکار نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ جناب چوہان نے کہا کہ مرکزی سرکار معمول کے حالات بحال کرنے اور فصلوں نیز گھر کے سامان کو نقصان پہنچنے کے تناظر میں معاوضہ فراہم کرنے میں معاونت کرے گی۔ آندھراپردیش میں وزیر موصوف نے وجے واڑہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا اور دریائے کرشنا کے نزدیک واقع کھیتوں کو ہونے والے نقصان اور پرکاشم بیراج ڈیم کا معائنہ کیا۔ مرکزی وزیر نے Jakkampudi کے مقام پر پانی میں اتر کر کسانوں اور مقامی باشندوں سے   بات کی۔ انہوں نے NDRF کی ٹیموں اور اہلکاروں کے ساتھ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ جناب شیو راج سنگھ چوہان آج سیلاب سے متاثرہ Khammam ضلعے اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں