مرکز نے، 2022-23 سے 2025-26 تک کی مدّت کے لیے Skill India پروگرام کے مقصد سے، 8 ہزار 800 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ کَل نئی دلّی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حکومت کی توجہ، مانگ پر مبنی ہُنر مندی کے فروغ پر مرکوز ہے اور زیادہ سے زیادہ صلاحیتیں حاصل کرنے نیز اِن کے میعار کو اونچا کرنے پر مزید توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اِس سے مانگ پر مبنی، ٹیکنالوجی پر مشتمل اور صنعت کے مطابق تربیت کو یکجا کر کے پورے ملک میں ایک ہنرمند اور مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل کے تئیں حکومت کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا چہارم، پردھان منتری نیشنل Apprenticeship پروموشن اسکیم اور جَن شِکشَن سنستھان اسکیم، اِن تینوں کو، اسکِل انڈیا پروگرام کی مرکزی شعبے کی مخلوط اسکیم کے تحت یکجا کر دیا گیا ہے۔
جناب ویشنو نے کہا کہ حکومت نے، صفائی کرمچاریوں کے قومی کمیشن کی مدّت میں تین سال، یعنی 31 مارچ 2028 تک کی توسیع کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس سے صفائی ستھرائی کارکنوں کے سماجی و معاشی اور کام کاج کے حالات کو بہتر بنانے نیز صحت کے لیے مضر صفائی ستھرائی کا کام انجام دیتے ہوئے کسی طرح کا جانی نقصان نہ ہو اس مقصد میں مدد ملے گی۔