August 10, 2024 9:29 AM

printer

 مرکزی کابینہ نے، پردھان منتری آواس یوجنا شہری کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی

مرکزی کابینہ نے پردھان منتری آواس یوجنا شہری PMAY-U دوئم اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے مالی سال 2024-25 سے 2028-29 کے درمیان، پردھان منتری آواس یوجنا گرامین PMAY-G پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی ہے۔

کَل رات نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت، تین کروڑ نئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ جناب ویشنو نے کہا کہ اِن میں سے دو کروڑ مکانات دیہی علاقوں میں، جبکہ ایک کروڑ مکانات شہری علاقوں میں تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اِس اسکیم کیلئے بجٹ میں تین لاکھ 60  ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

پردھان منتری آواس یوجنا شہری دوئم کے تحت، شہر میں رہنے والے ایک کروڑ غریبوں اور اوسط طبقے کے کنبوں کو، مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ یہ مدد پانچ سال کے دوران، شہری علاقوں میں کم قیمت پر مکان تعمیر کرنے، خریدنے یا کرائے پر لینے کیلئے ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور بنیادی طور پر قرض دینے والے اداروں PLIs کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ اِس اسکیم کے تحت دو اعشایہ تین صفر لاکھ کروڑ روپے کی سرکاری مدد فراہم کی جائے گی۔

وزیر موصوف نے کہا کہ شہری علاقوں میں اِس اسکیم کے تحت، کام کاج کرنے والی خواتین کے ہاسٹل اور مالی اعتبار سے کمزور طبقوں EWS، کم آمدنی والے گروپ LIG اور اوسط آمدنی والے گروپ MIG کے زمروں میں، ہوم لون کیلئے، 25 لاکھ روپے تک کی رقم پر سود میں 4 فیصد کی سبسڈی کی سہولت رکھی گئی ہے۔

حکومت نے کلین پلانٹ پروگرام CPP کو بھی منظوری دی ہے جس کی تجویز زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت نے پیش کی تھی۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب ویشنو نے کہا کہ ایک ہزار 765 کروڑ روپے سے زیادہ کی خاطر خواہ سرمایہ کاری کے ساتھ اِس پہلے قدم سے، بھارت میں باغبانی کے شعبے میں انقلاب پیدا ہوگا اور امید ہے کہ مہارت اور پائیداری کے نئے معیارات قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ CPP، وائرس سے پاک اعلیٰ درجے کی پودھ کاری کا سامان مہیا ہوگا جس سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کو بہتر آمدنی کے موقعے فراہم ہوں گے۔

کابینہ نے ترمیم شدہ پردھان منتری جی – ون یوجنا کو بھی منظوری دی ہے تاکہ جدید ترین بایو فیول پروجیکٹوں کو مالی مدد فراہم کی جاسکے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اِس ترمیم شدہ اسکیم میں پانچ سال کیلئے 2028-29 تک توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس پروجیکٹ میں ایک ہزار 969 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں