July 21, 2024 9:51 PM

printer

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل بلائی گئی کُل پارٹی میٹنگ کے بعد کہا ہے کہ حکومت کسی بھی معاملے پر کھلے دل سے بحث مباحثے کیلئے تیار ہے

پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کل شروع ہونے سے پہلے، حکومت نے آج اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے ایک کُل پارٹی میٹنگ بلائی کہ دونوں ایوانوں کی کارروائی خوش اسلوبی سے جاری رہے۔
میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت، کسی بھی معاملے پر کھلے دل سے بحث مباحثے کیلئے تیار ہے۔ انھوں نے زور دے کہا کہ یہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا کام کاج، خوش اسلوبی سے چلنے دیں۔ جناب رجیجو نے، پارٹیوں کے ایوان کے اُن رہنماؤں کے تئیں بھی شکریے کا اظہار کیا، جنہوں نے قابل قدر تجاویز پیش کیں۔ انھوں نے ہر ایک سے درخواست کی کہ وہ بجٹ اجلاس کے دوران خوش اسلوبی سے کام کاج چلانے میں تعاون دے۔
میٹنگ کے دوران کانگریس نے مطالبہ کیا کہ NEET سوالنامے کے مبینہ افشا سے متعلق کیس، ریلوے سلامتی، اگنی ویر اسکیم، مرکز- ریاست تعلقات اور منی پور نیز جموں و کشمیر میں حفاظتی صورتحال وغیرہ پر بات چیت کی جائے۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں پارٹی رہنما جے رام رمیش نے خاص طور پر کہا کہ اُن کی پارٹی نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں معیشت سے متعلق معاملات پر بحث ہونی چاہیے۔
مرکزی وزراء، کانگریس، این سی پی، ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی اور AIMIM کے مرکزی وزیروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔
کل بجٹ اجلاس کے پہلے دن وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، پارلیمنٹ میں اقتصادی جائزہ پیش کریں گی۔ وہ منگل کو لوک سبھا میں 2024-25 کا مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ امید ہے کہ حکومت اِس اجلاس کے دوران چھ نئے بل پیش کرے گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں