تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے اعلان کیا ہے کہ حکومت، ڈیٹا کی رازداری کو یقینی بنانے کیلئے ایک قانونی فریم ورک متعارف کرائے گی۔ ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھارت کو ایک پسندیدہ اور اہم مقام قرار دیتے ہوئے جناب پیوش گوئل نے اُجاگر کیا کہ بھارت اپنے مستحکم قانونی نظام کے ساتھ ایک نیا فریم ورک لاگو کرنے کا منصوبہ بنا رہاہے، جو قابل اعتماد شراکت داروں کے درمیان ڈیٹا کے محفوظ اور آزادانہ لین دین کو یقینی بنائے گا۔
برطانیہ-بھارت تجارتی کونسل کی برطانیہ-بھارت ٹیکنالوجی مستقبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے مستقبل میں ڈیجیٹل دنیا اور پائیداری کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جناب گوئل نے بھارت کے منفرد طور پر باہم مربوط پاور گرڈ کو بھی اجاگر کیا اور اسے اِن چیلنجوں سے نمٹنے میں ایک عالمی رہنما سے تعبیر کیا۔ جناب گوئل نے کہا کہ 2030 تک ملک کے طول و عرض میں ایک ہزار گیگا واٹ کا پاور گرڈ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دنیا کو پائیدار بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کیلئے بھارت دنیا بھر میں ایک پسندیدہ مقام ہے۔