مرکزی وزیر پیوش گوئل نے آج ممبئی کے مغربی نواحی علاقے ملاڑ میں Mith چوکی پر ایک فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ یہ فلائی اوور، ماروے کو مغربی ایکسپریس شاہراہ سے ملاتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اِس فلائی اوور سے نہ صرف شمالی ممبئی سے گزرنے والے لوگوں کیلئے راستہ آسان ہوگا بلکہ اُن کا وقت بھی بچے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت شمالی ممبئی کو بہتر بنانے کیلئے جانفشانی سے کام کر رہی ہے۔
مہاراشٹر سرکار اور بھارتی کھیل کود سے متعلق اتھارٹی کے درمیان آج ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے، جس کا مقصد ممبئی کے کَنڈی وَلی میں مہارت کا ایک قومی مرکز قائم کرنا ہے۔ دستخط کئے جانے کی یہ رسم تجارت وصنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ مرکزی حکومت کھیل کود کے، بڑے عالمی مقابلوں میں بھارت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔ انھوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ 2036 کے اولمپک مقابلے بھارت میں منعقد ہوں گے۔ مہارت کے قومی مرکز کے بارے میں جناب گوئل نے کہا کہ اولمپک 2036 میں بھارت، یقینا ایک اہم کردار ادا کرے گا۔