مرکزی وزیر داخلہ اور BJP کے سرکردہ لیڈر امت شاہ نے آج رانچی میں جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کا چناؤ منشور ”سنکلپ پَتر“ جاری کیا۔ اِس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، جناب امت شاہ نے کہا کہ اگر BJP اقتدار میں آتی ہے تو جھارکھنڈ میں یکساں سوِل کوڈ نافذ کیا جائے گا لیکن قبائلی افراد اِس کے دائرے سے باہر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سَنتھال پرگنہ علاقے سے بنگلہ دیشی افراد کی دراندازی کو روکنے کیلئے ضابطے بنائے جائیں گے کیونکہ اِس سے ریاست میں آبادی کے اعتبار سے صورتِ حال تبدیل ہوگئی ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ دراندازوں نے قبائلی خواتین سے شادی کرکے قبائلیوں سے زمین لے کر اپنے قبضے میں کرلی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قانون بنانے کے بعد قبائلیوں کو اُن کی زمین واپس کردی جائے گی اور اِس کا اطلاق پچھلی تاریخ سے ہوگا۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ جھارکھنڈ میں ہر خاتون کو ”Gogo-Didi“ یوجنا کے تحت اکیس سو روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ سبھی کنبوں کو ایک LPG سلنڈر 500 روپے میں دیا جائے گا، جبکہ دیوالی اور رَکشا بندھن کے موقع پر دو سلنڈر مفت دیئے جائیں گے۔ بے روزگار گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نوجوانوں کو دو سال تک ہر مہینے دو ہزار روپے ملیں گے۔
جناب امت شاہ نے مزید کہا کہ پانچ سال کے اندر اندر روزگار کے پانچ لاکھ مواقع دستیاب کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، دو لاکھ 87 ہزار خالی سرکاری عہدوں کو بروقت انداز سے پُر کیا جائے گا۔ x