مرکزی وزیر داخلہ امت نے آج صبح نئی دلّی میں میجر دھیان چندر نیشنل اسٹیڈیم سے رَن فار یونیٹی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
اِس تقریب کا انعقاد سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر کیا جاتا ہے، جو 31 اکتوبر 1875 کو پیدا ہوئے تھے۔
اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ یونیٹی رَن، نہ صرف ملک کو متحد رکھنے کیلئے ایک عہد ہے، بلکہ اب یہ وِکست بھارت کا عزم بن گیا ہے۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہا کہ انھوں نے ملک میں رجواڑوں کی مختلف ریاستوں کو متحد کرنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔
جناب شاہ نے سردار پٹیل کو بھارت رتن سے سرفراز کئے جانے میں تاخیر پر یہ کہتے ہوئے سوال اٹھایا کہ برسوں تک سردار پٹیل کی خدمات کو بھلانے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات میں دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ نصب کرکے سردار پٹیل کی یادوں کو زندہ رکھنے کیلئے کام کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے دیوالی کی وجہ سے جمعرات کے بجائے آج اِس تقریب کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رَن فار یونٹی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے کی تقریب میں مرکزی وزراء منسکھ مانڈویہ، منوہر لال، نتیہ نند رائے اور دلّی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ بھی موجود تھے۔x