مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج گاندھی نگر میں مہاتما مندر میں 14ویں آل انڈیا سول ڈیفنس اور ہوم گارڈس کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ جناب شاہ جو گجرات کے دورے پر ہیں، آنند میں قومی ڈیری ترقیاتی بورڈ(NDDB) کے 60 ویں یوم تاسیس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر موصوف اِس موقع پر NDDB کے تین نئے پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے۔ بعد میں جناب شاہ گجرات اسمبلی میں قانون سازیہ سے متعلق ایک تربیتی ورک شاپ میں شرکت کریں گے اور قانون سازوں سے خطاب کریں گے۔
ہمارے نامہنگارنے خبر دی ہے کہ 14ویں آل انڈیا سول ڈیفینس اور ہوم گارڈس کانفرنس 19 سال کے بعد ہو رہی ہے۔
اِس کانفرنس میں مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 60 سے زیادہ سینئر عہدیداران اور سول ڈیفنس اور ہوم گارڈس کے تقریباً ایک ہزار دو سو ممبر شرکت کریں گے۔ سول ڈیفنس اور ہوم گارڈ کے ڈائرکٹر جنرل وویک شری واستو نے کہا کہ اس کانفرنس میں دونوں افواج کی پالیسی کے مطابق مجوزہ سول ڈیفینس بل اور ماڈل ہوم گارڈ بل پر خاص طور سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس کانفرنس میں دونوں افواج کی کارکردگی کو اور بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
اِس وقت ملک میں ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ ہوم گارڈ اور چھ لاکھ سول ڈیفینس گارڈ ہیں۔