مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار دہشت گردی کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے کی پالیسی کے ساتھ دہشت گردی سے پاک بھارت کی تعمیر کیلئے پرعزم ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب شاہ نے کہا کہ آج نئی دلی میں شروع ہونے والی دو روزہ انسداد دہشت گردی کانفرنس ملک کی سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے ایجنسیوں کے درمیان تال میل میں مزید اضافہ کرے گی۔ وزیر داخلہ اس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس کا انعقاد قومی جانچ ایجنسی این آئی اے کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ کانفرنس میں مکمل حکومت کے متحدہ اور مجموعی طریقہ کار کے ذریعے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مختلف شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے پر کلیدی توجہ مرکوز رہے گی۔
یہ کانفرنس پولیس کے سینئر افسران، مرکزی ایجنسیوں کے آفیسروں، قانون، فارنسک اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو اکٹھا کرے گی تاکہ انسداد دہشت گردی کیلئے قانونی فریم ورک، مقدمہ چلانے کے چیلنجز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے کردار جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔