وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی صنعتوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی رفتار اور حجم میں اضافہ کریں۔ آج نئی دِلی میں PHD چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 119ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہاکہ کمپنیوں کو بڑے خواب دیکھنے ہیں اور اُنہیں عالمی بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اِس خواب کو حقیقت بنانے کیلئے چیمبرس اور انڈسٹریز کو ایک ساتھ آنے کی ضرورت ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ حکومت نے 2 ہزار سے زیادہ فرسودہ نوآبادیاتی قوانین کو ختم کردیا ہے، کمپنیوں کے ایکٹ میں اصلاح کی ہے، اور 39 ہزار سے زیادہ ضابطوں کی تعمیل کو آسان بنایا ہے۔ اگلے 25 برس میں ہر ایک شعبے میں بھارت کو ایک رہنما ملک بنانے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کے پاس وژن، تجربہ اور عزم ہے۔
جناب شاہ نے کہاکہ 2024 بھارت کے صنعتی شعبے کیلئے نہایت اہم اور فیصلہ کن سال ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کی جمہوریتوں میں اعتماد کا بحران نظر آتا ہے اور پوری دنیا کی جمہوریتوں میں مستقل مزاج قیادت شاذ ونادر ہی نظر آتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جو پہلے وزیراعلیٰ تھے، پھر وزیراعظم بنے، 23 سال کے عرصے کے دوران جمہوری طریقے سے عوام کا اعتماد جیت چکے ہیں اور اِس سال تیسری مرتبہ وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت اہم ہے، کیونکہ استحکام کے بغیر پالیسیوں کو مؤثر طریقے سے نافذ نہیں کیا جاسکتا۔
صنعت کار اور انسان دوست رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہاکہ رتن ٹاٹا نے ٹاٹاگروپ کو بھارتی صنعت کیلئے روشن مینار بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ رتن ٹاٹا نہ صرف بھارت، بلکہ دنیا بھر کے ایک قابل احترام صنعت کار تھے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ رتن ٹاٹا کی وراثت صنعت میں لوگوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔×