مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج نئی دلّی میں نشیلے مادّوں کی تجارت اور قومی سلامتی سے متعلق ایک علاقائی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ اِس کانفرنس کا مقصد نشیلے مادّوں کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش اور قومی سلامتی پر اِس کے اثرات سے نمٹنا ہے۔ اِس کانفرنس میں، شمالی بھارت کی 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اِس کانفرنس کا انعقاد نشیلے مادّوں پر قابو پانے کا بیورو NCB کر رہا ہے۔
کانفرنس کے دوران جناب شاہ نشیلے مادّوں کو ختم کرنے کی 15 روزہ مہم کا آغاز کریں گے اور NCB کی بھوپال علاقائی شاخ کے نئے دفتر کی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ وہ مانس دوئم ہیلپ لائن کی، سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک توسیع کے کام کا بھی افتتاح کریں گے۔
نشیلے مادّوں کو ختم کرنے کی مہم کے دوران، جو اِس مہینے کی 25 تاریخ تک جاری رہے گی، ضبط کیے گئے 44 ہزار کلو گرام سے زیادہ نشیلے مادّوں کو ختم کیا جائے گا، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 2 ہزار 411 کروڑ روپے ہے۔
اِس کانفرنس میں، نشیلے مادّوں کی روک تھام کی قومی ہیلپ لائن ’مانس پورٹل‘ سے حاصل شدہ معلومات کو، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی، نشیلے مادّوں کے استعمال کی روک تھام سے متعلق ٹاسک فورس تک پہنچائے جانے، اِن کی تجارت کی روک تھام اور اِس سے متعلق تال میل کے نظام کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔×