مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج مغربی بنگال کے پیترا پول میں بھارت۔بنگلہ دیش سرحد پر خشک بندرگاہ ”میتری دوار“ کی نو تعمیر شدہ مسافر ٹرمنل عمارت اور کارگو گیٹ کا افتتاح کریں گے۔ اس ٹرمنل کا مقصد بھارت اور بنگلہ دیش کے شہریوں کی آمدروفت کو آسان بنانا اور بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینا ہے۔
مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلعے میں واقع پیترا پول خشک بندرگاہ، جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی خشک بندرگاہ ہے جو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور کامرس کو بڑھاوا دینے میں کلیدی رول ادا کرتی ہے۔
اسی طرح پیترا پول۔ بینا پول کراسنگ بھی انتہائی اہم زمینی سرحدی علاقوں میں سے ایک ہے جہاں سے بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان زمینی سطح سے قریب 70 فیصد تجارت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھارت کی آٹھویں سب سے بڑی بین الاقوامی امیگریشن بندرگاہ بھی ہے جو سالانہ 20 لاکھ35 ہزار سے زیادہ مسافروں کی آمدروفت کو ممکن بناتی ہے۔
نئے مسافر ٹرمنل سے علاقائی بنیادی ڈھانچے کو تقویت ملے گی اور 20 ہزار مسافر یومیہ کی صلاحیت کے حساب سے ایک ہی چھت کے نیچے امیگریشن، کسٹمز اور سیکیورٹی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
”میتری دوار“ کارگو گیٹ وہ مشترکہ قدم ہے جس پر بھارت اور بنگلہ دیش دونوں نے اتفاق کیا ہے۔
جناب شاہ نے گذشتہ سال 9 مئی کو اس پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ 600 سے 700 ٹرک روزانہ کی سرحد پار آمدروفت کو دیکھتے ہوئے لینڈ پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے بھارت۔ بنگلہ دیش سرحد پر نیا کارگو گیٹ قائم کیا۔
پیترا پول تقریب کے بعد جناب شاہ دوپہر کو ہُگلی ضلعے کے آرام باغ میں امدادِ باہمی کے محکمے کی جانب سے منعقد پروگرام میں شرکت کریں گے۔
شام کو مرکزی وزیر داخلہ کولکاتہ کے سالٹ لیک میں ایسٹرن زونل کلچرل سینٹر میں پارٹی تقریب میں شرکت کریں گے۔ رات کو جناب شاہ نئی دلی لوٹ آئیں گے۔x