مرکزی فورسز، سابق اگنی ویروں کیلئے دس فیصد ریزرویشن لاگو کرے گی۔ اگنی پتھ اسکیم پر بحث کے دوران مرکزی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق اگنی ویروں کیلئے دس فیصد ریزرویشن نافذ کرے گی۔ سرحدی سیکورٹی فورسز BSF، سینٹرل ریزروپولیس فورس CRPF، سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس CISF اور سشترسیمابل SSB جیسی مرکزی فورسز کے سربراہوں نے کہا ہے کہ سابق اگنی ویروں کو عمر میں چھوٹ دی جائے گی اور ان کا جسمانی صلاحیت سے متعلق کوئی امتحان نہیں ہوگا۔
CISFکی ڈائرکٹر جنرل مینا سنگھ نے کہا کہ وزارت داخلہ نے مرکزی مسلح پولیس فورسز میں سابق اگنی ویروں کو بھرتی کرنے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ CISF نے اس سلسلے میں تمام انتظامات کرلئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانسٹبلس کی دس فیصد خالی اسامیاں سابق اگنی ویروں کیلئے مخصوص ہوں گی اور انہیں جسمانی صلاحیت کے امتحان میں چھوٹ دی جائے گی۔
سرحدی سیکورٹی فورس BSF کے ڈائرکٹر جنرل نتن اگروال نے کہا کہ انہیں پوری طرح تیار فوجی جوان مل رہے ہیں۔ اس سے بہتر کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔
ریلوے حفاظتی فورس RPF کے ڈائرکٹر جنرل منوج یادو نے کہا کہ RPF سابق اگنی ویروں کا خیرمقدم کرنے کیلئے پرجوش ہے۔
SSB کے ڈائرکٹر جنرل دلجیت سنگھ نے کہا کہ سشترسیمابل نے سابق اگنی ویروں کیلئے کانسٹبل کی دس فیصد خالی اسامیاں مخصوص کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بیچ کو عمر میں پانچ سال کی چھوٹ دی جائے گی۔
CRPF کے ڈائرکٹرجنرل انیش دیال سنگھ نے کہاکہ CRPF میں سابق اگنی ویروں کو بھرتی کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگنی ویر ایک اثاثہ ثابت ہوں گے کیونکہ انہوں نے فوج میں رہتے ہوئے نظم وضبط سیکھا ہے۔