مرکزی جانچ بیورو سی بی آئی NEET-UG امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے تناظر میں بہار، گجرات اور راجستھان سے 5 معاملات کی تحقیقات کرے گا۔ عہدیداران کے مطابق CBI نے گجرات اور بہار سے ایک ایک اور راجستھان سے 3 معاملے پھر سے درج کئے ہیں۔ امکان ہے کہ CBI مہاراشٹر کے لاتور سے ایک اور معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
نئی دلّی سے CBI کی ایک خصوصی ٹیم نے NEET-UG امتحان کا پیپر مبینہ طور پر افشا ہونے کے معاملے کی تحقیقات بہار پولیس کے اقتصادی جرائم سے متعلق یونٹ سے اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔ اِس یونٹ نے مبینہ طور پر پیپر افشا ہونے سے متعلق اطلاعات ملنے پر NEET-UG داخلہ امتحان کے دن اِس سال 5 مئی کو معاملہ درج کیا تھا۔
گجرات میں مرکزی جانچ بیوور نے NEET امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں گودھرا شہر میں مقامی پولیس کے ساتھ تحقیقات شروع کی۔ CBI کی ٹیم اِس معاملے کی تحقیقات کیلئے کَل گودھرا پہنچی ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ 5 مئی کو امتحان منعقد ہونے کے 3 دن بعد گودھرا میں امتحان کے ایک مرکز پر بے ضابطگیوں سے متعلق ایک فردِ جرم داخل کی گئی تھی۔ اب تک پولیس نے گودھرا میں تقریباً 30 طلباء کو سوالنامے حل کرنے میں مدد کیلئے مبینہ طور پر اُن کے رول کیلئے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
اِس ماہ کی 4 تاریخ کو NEET-UG کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں زیادہ سے زیادہ 720 نمبروں کے ساتھ امتحان میں 67 امیدواروں نے ٹاپ کیا تھا، جس سے امتحان کی شفافیت پر بڑا احتجاج ہوا تھا۔×