امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے یوکرین کو امریکہ میں بنے ہتھیاروں کو روس کے اندرونی حصوں میں حملہ کرنے کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ مختلف میڈیا اداروں کی طرف سے یہ خبر سامنے آئی ہے۔ البتہ امریکہ نے اِس فیصلے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن جرمنی کی حکومت کے ایک ترجمان نے آج کہا ہے کہ برلن کو اِس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولینڈ سمیت یوروپی لیڈروں نے روس کے اندرون مغربی اتحادیوں کی جانب سے سپلائی کئے گئے طویل دوری کے میزائلوں کو استعمال کرنے کے تعلق سے یوکرین پر عائد پابندی کو ختم کئے جانے کے واشنگٹن کے فیصلے کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
اِدھر ہنگری کے وزیر خارجہ Peter Szijjarto نے اِس فیصلے کو حیرت انگیز حد تک خطرناک فیصلہ قرار دیا ہے۔ جرمنی کے چانسلر Olaf Scholz نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے اِس فیصلے کے باوجود جرمنی اپنے طویل دوری والے میزائل Taurus یوکرین کو نہیں بھیجے گا۔
دوسری جانب Kremlin کے ترجمان Dmitry Peskov نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر Kyiv کو روس میں طویل دوری والے امریکی ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی اجازت دینے کے اپنے فیصلے سے کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔ امریکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ روس کی جانب سے شمالی کوریا کی زمینی فوجوں کے ساتھ اپنے فوجیوں کو Kursk خطے میں تعینات کرنے کے فیصلے کے جواب میں یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ x