محترمہ ریکھا گپتا، آج دلّی کی نئی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گی۔ کل شام نئی دلّی میں، دلّی BJP قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد، نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر اُن کے نام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے راج نِواس میں لیفٹننٹ گورنر وِنے کمار سکسینا سے ملاقات کی، اور نئی حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ پیش کیا۔ جناب سکسینا نے محترمہ گپتا کے دعوے کو قبول کرتے ہوئے اُنہیں نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے مدعو کیا۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں محترمہ گپتا نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی ذمہ داری کے ساتھ اُن پر بھروسہ کرنے کے لیے BJP کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے دلّی کے عوام کی بہبود اور ترقی کے لیے پوری ایمانداری، دیانتداری اور عزم کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔
محترمہ ریکھا گپتا کو پہلی مرتبہ شالیمار باغ سیٹ سے MLA منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1992 میں دلّی یونیورسٹی کے، دولت رام کالج میں ABVP سے کیا تھا۔ وہ دلّی یونیورسٹی اسٹوڈینٹس یونین کی صدر بنیں۔ انہوں نے دلّی میں BJP مہیلا مورچہ کی جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ محترمہ ریکھا گپتا کو دلّی کے مشہور رام لیلا میدان میں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف دلایا جائے گا۔
ایک رپورٹ
V/C – Suparna
ریکھا گپتا، چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ اور BJP کی دلّی کی دوسری خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ دلّی کے لیفٹننٹ گورنر وِنے کمار سکسینا دن میں تقریباً 12 بجکر 35 منٹ پر، اُنہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور دیگر رہنما حلف برداری کی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ تقریباً 20 ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور نائب وزراء اعلیٰ کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
دلّی پولیس نے، لوگوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ حلف برداری کی اس تقریب کے دوران ٹریفک کے بندوبست کے تحت مخصوص ڈائیورژنس کیے گئے اور پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔