لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور ریلویز کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کل، ڈاکٹر امبیڈکر نگر کوٹہ نئی دلّی ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس کا نمبر ہے بیس ایک سو پچپن اور چھپن،۔ جناب برلا نے کوٹہ میں اس تقریب میں شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر یادو اور جناب ویشنو نئی دلّی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ ساوِتری ٹھاکر بھی ڈاکٹر امبیڈکر نگر میں موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں جناب برلا نے کہا کہ یہ ٹرین راجستھان میں کوٹہ کے تعلیمی مرکز، اُجّین کے روحانی مرکز اور مدھیہ پردیش میں تجارتی مرکز اندور کے لیے فائدے مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مذکورہ ٹرین ڈاکٹر امبیڈکر جینتی پر، بابا صاحب کی جائے پیدائش سے روانہ کی گئی ہے۔
جناب ویشنو نے کہا کہ یہ ایک اہم ٹرین ہے، کیونکہ یہ ملک بھر میں مختلف اہم مقامات تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا ریلویز کی وزارت نے اس ٹرین کے آغاز کے ساتھ اُجّین کمبھ میلہ 2028 کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ بجٹ میں مدھیہ پردیش کے ریلوے پروجیکٹوں کے لیے 14 ہزار 775 کروڑ روپے، جبکہ راجستھان کے لیے 9 ہزار 960 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔