آج دِلی کی ایک عدالت نے زمین کے بدلے نوکری سے متعلق کالے دھن کو جائز بنانے کے معاملے میں RJD کے سربراہ اور ریلوے کے سابق وزیر لالو پرساد یادو کو اُن کے بیٹوں تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو سمیت ضمانت دے دی۔ عدالت نے سبھی ملزمان کو یہ کہتے ہوئے ضمانت دی ہے کہ اُنہیں گرفتار کئے بغیر اُن کے خلاف فردِ جرم داخل کی گئی۔ ایک ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر یہ ضمانت دی گئی ہے اور اگلی سماعت 25 اکتوبر کو ہوگی۔ عدالت نے سبھی ملزمان کو اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی فردجرم کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے 18 ستمبر کو لالو یادو اور دیگر کو سمن جاری کیا تھا۔ اِس کیس کا تعلق مدھیہ پردیش کے جبل پور میں ریلوے کے مغربی وسطی زون میں گروپ D کی تقرریوں سے ہے، جب لالو پرساد یادو 2004 سے 2009 تک ریلوے کے وزیر تھے۔ ای ڈی کے مطابق نوکریوں کے عوض لالو پرساد یادو کے کنبے یا اُن کے معاونین کو زمین، بطور تحفہ دی گئی یا منتقل کی گئی تھی۔
Site Admin | October 7, 2024 3:03 PM