قومی راجدھانی دلی میں ہوا کی کوالٹی پھر سے بہت خراب کے زمرے میں پہنچ گئی ہے۔ آج صبح سات بجے ہوا کی کوالٹی کا اوسط اشاریہ 342 ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی آلودگی پرکنٹرول سے متعلق مرکزی بورڈ کے مطابق شہر کے کچھ علاقوں میں یہ اشاریہ 350 سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔
اِدھر بھارتی موسمیات محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ دلی اور مضافاتی قومی راجدھانی خطے میں اگلے دو دن کے دوران رات اور صبح کے اوقات میں دھند اور کہرہ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
دلی قومی راجدھانی خطے میں کم از کم درجہئ حرارت میں تین ڈگری سیلسیس تک کی کچھ گراوٹ آئی ہے اور آج بھی موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
بھارتی موسمیات محکمے نے آج مدھیہ پردیش میں کہیں کہیں شدید سردی کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیات محکمے نے جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اترپردیش، راجستھان، وِدربھ، اوڈیشہ اور تلنگانہ میں بھی سردی کا زور جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اُدھر تمل ناڈو، وسطی آندھرا پردیش اور رایل سیما میں اگلے دو تین دن کے دوران تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔x