قومی جانچ ایجنسی NIA نے آج کہا ہے کہ اُس نے ممنوعہ تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل BKI کے دہشت گرد لکھبیر سنگھ کے دو قریبی ساتھیوں کے خلاف فرد جرم داخل کی ہے۔ کَل پنجاب کے موہالی میں قومی جانچ ایجنسی کی خصوصی عدالت میں یہ فرد جرم داخل کی گئی۔ NIA نے کہا کہ ملزم جسپریت سنگھ عرف Jass اور بلجیت سنگھ عرف رانا بھائی پر بیرون ملک مقیم خالصتانی دہشت گرد لکھبیر سنگھ کے ذریعے چلائے جارہے دہشت گرد گروہ کے سرگرم ممبر ہونے کا الزام ہے۔ لکھبیر سنگھ کو Landa کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ قومی جانچ ایجنسی کی تحقیقات میں جسپریت سنگھ پر Landa اور اس کے ساتھی Pattu Khaira کے لئے زمینی سطح پر مدد فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وہ مذکورہ گروہ کی سرگرمیوں کو انجام دینے میں سرگرم طور پر شامل رہا ہے۔
اِس گروہ کی سرگرمیوں میں منشیات کی اسمگلنگ اور ببر خالصہ انٹرنیشنل کی سرگرمیوں کے لئے مالی وسائل فراہم کرنے کیلئے جبری وصولی کا نیٹ ورک چلانا شامل ہے۔ دوسری طرف Landaگروہ کے ممبروں اور اُس سے وابستہ گینگسٹروں کیلئے ہتھیاروں کی مینوفیکچرنگ اور سپلائی میں بھی بلجیت سنگھ کا کلیدی رول رہا ہے۔ اُس نے مبینہ طور پر مختلف علاقوں میں اِن ہتھیاروں کی ڈیلیوری کو آسان بنانے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا بھی استعمال کیا۔ بلجیت سنگھ، مذکورہ گروہ سے وابستہ ہتھیاروں کے ڈیلروں کے ایک ملک گیر نیٹ ورک کی کلیدی سپلائروں میں سے ایک تھا۔x