عیدمیلاد النبیؐ، جو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐ کا یوم ولادت ہے، آج ملک کے مختلف حصوں میں پوری مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اِس موقع پر میلاد کی محفلوں اور سیرت پاک کے جلسوں کا اہتمام کیا گیا ہے،جن میں حضرت محمد ؐ کی تعلیمات اور اُن کی زندگی کے واقعات کو اُجاگر کیا جائے گا۔اس موقع پر میلاد کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔
صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے شہریوں خاص طور پر مسلم برادری کو، عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ حضرت محمد صلعم نے پیار اور بھائی چارے کے جذبات کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ایک کو تحریک دی اور معاشرے میں مساوات اور ہم آہنگی پر زور دیا۔
صدر جمہوریہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ قرآن پاک کی تعلیمات کو اپنائیں اور پرامن معاشرے کی تعمیر کا عزم کریں۔
نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے بھی عوام سے کہا ہے کہ وہ انصاف، رحمدلی اور انکساری کے حضرت محمد صلعم کے نظریات کو یاد کریں اور انہیں اپنی روز مرہ کی زندگی میں اپنائیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی عید میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر جناب مودی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم آہنگی، اجتماعیت، خوشی اور ہمہ جہت خوشحالی ہمیشہ قائم رہے گی۔X