اترپردیش کے شہر سنبھل میں، تشدد کے حالیہ واقعات کی تفتیش کیلئے، عدالتی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ تشدد کے یہ واقعات، سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے دوسری بار کے سروے کے دوران سرزد ہوئے تھے۔ کمیشن کے ارکان نے مسجد پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
کمیشن کی قیادت، ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج دیویندر کمار اروڑہ ہیں اور یہ کمیشن ریاستی پولیس کے سابق سربراہ اروند کمار جین اور ریٹائرڈ IAS افسر امت موہن پرساد پر مشتمل ہے۔ ریاستی سرکار نے یہ کمیشن، تشدد کے واقعات کی تفتیش کیلئے تشکیل دیا ہے جس میں چار افراد ہلاک اور تقریباً 25 زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں کچھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔کمیشن کے دو ارکان نے، مسجد کا دورہ کیا اور پولیس و انتظامی افسران، آس پاس کے دوکان مالکان اور مسجد میں موجود لوگوں سے بات چیت کی۔
تفتیش کے دوران، مرادآباد ڈویژن کے کمشنر انجانیہ کمار سنگھ، اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ اِسی دوران، سنبھل میں صورتحال معمول پر آتی جارہی ہے۔
Site Admin | December 1, 2024 9:27 PM