عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی کو آج دلّی کی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ دلّی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے راج نواس میں ایک تقریب میں آتشی اور اُن کے وزراء کی کونسل کو عہدے کا حلف دلایا۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر گوپال رائے، کیلاش گہلوت، سوربھ بھاردواج، عمران حسین اور مکیش اہلاوَت کو کابینی وزراء کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔
بعد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آتشی نے اُن پر اعتماد کرنے اور دلّی کے لوگوں کی خدمت کی ایک بڑی ذمے داری اُنہیں دینے پر اروند کجریوال کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ زیر التوا ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
وزیر اعلیٰ آتشی نے BJP پر قومی راجدھانی میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام لگایا۔
دلّی BJP کے صدر وریندر سچدیوا نے نئی ذمے داری سنبھالنے پر آتشی کو مبارکباد دی ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں جناب سچدیوا نے الزام لگایا کہ صرف وزیر اعلیٰ کا چہرہ تبدیل ہوا ہے حکومت کا کردار نہیں۔
آتشی، کالکاجی اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ BJP کی سشماسوراج اور کانگریس کی شیلا دکشت کے بعد دلّی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ بنی ہیں۔ اِس سے پہلے اِس ہفتے کے شروع میں اروند کجریوال نے اپنے وزراء کی کونسل کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔
Site Admin | September 21, 2024 9:46 PM