صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صفائی ستھرائی سے ہی ملک صحت مند اور ترقی یافتہ بن پائے گا۔ وہ آج مدھیہ پردیش کے اُجین میں صفائی مِتر سمیلن سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برس میں صفائی ستھرائی کی مہم ایک ملک گیر مہم بن گئی ہے جس سے ملک میں قابل قدر تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ریاست کے مختلف شہروں کو صفائی مِتر محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ سووچھ بھارت مشن کے دوسرے مرحلے کے دوران جوکہ 2025 تک جاری رہے گا ہمیں مکمل صفائی ستھرائی کے ہدف کو حاصل کرنا ہے۔
ریاست کے اپنے دورے کے دوسرے دن صدر جمہوریہ نے ورچوئل وسیلے سے اُجین اور اندور کے درمیان چھ لین والی شاہراہ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
صدر جمہوریہ شری مہاکال لوک کا بھی دورہ کریں گی اور وہاں کام کررہے دستکاروں سے بھی بات چیت کریں گی۔ ریاست کے اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں صدر جمہوریہ اندور میں دیوی اہلیا وشوودیالیہ میں تقسیم اسناد کی تقریب میں بھی شامل ہوں گی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جھارکھنڈ کے دو روزہ دورے پر آج شام رانچی پہنچیں گی۔ وہ کل رانچی کے Namkum میں ICAR-National Institue of Secondary Agriculture کی صدسالہ تقریبات میں شرکت کریں گی۔