صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نوجوانوں کی اِس امر کیلئے حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا ہے کہ وہ آیوروید کے شعبے میں صنعتی ادارے قائم کریں، تاکہ ملک بھر میں روایتی دوائیں دستیاب ہوسکیں۔ اُنہوں نے یہ بات آج نئی دِلی میں آیوروید کے کُل ہند ادارے کے آٹھویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر جمہوریہ نے کہاکہ آیوروید ہمیشہ سے ہی عوام کی زندگی کا ایک لازمی جزو رہا ہے۔ صدرجمہوریہ محترمہ مرمو نے اِس طرف بھی توجہ دلائی کچھ لوگ نقلی دواؤں کو بڑھاوا دینے اور گمراہ کن اشتہار دے کر دوسرے لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں اور پیسہ بھی ضائع کرتے ہیں۔ اُنہوں نے اِس طرح کے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرجمہوریہ نے کہاکہ ملک میں اہل اور باصلاحیت آیوروید ڈاکٹروں کی ضرورت ہے، تاکہ لوگوں کو ناخواندہ ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ صدر جمہوریہ نے بتایا کہ پچھلے کچھ برسوں میں آیوروید کالجوں میں اندراج کرانے والے طلبا کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اِس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں آیوروید ڈاکٹروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ صدر جمہوریہ نے آیوروید کے اِس کُل ہند ادارے میں تحقیق اور ترقی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ لگاتار ترقی کیلئے کسی بھی ادارے کو تحقیق و ترقی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِس موقع پر آیوش کے مرکزی وزیر پرتاپ راؤ جادھو اور دِلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ بھی موجود تھے۔