صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ بھارت کے رشتے، تاریخی نوعیت کے، اور صدیوں پرانے ہیں، نیز قطر، بھارت کے ساتھ مغربی ایشیاء کے، تجارتی اور ثقافتی رابطوں کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا، کل رات راشٹرپتی بھون میں خیر مقدم کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان، کثیر رخی سرگرمیاں اور تعاون، گہرے اطمینان اور دیرینہ ساکھ کے عکاس ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ دونوں ملک، تجارت اور سرمایہ کاری، خوراک کی یقینی فراہمی، صحت، ثقافت اور توانائی کے شعبوں میں، قابلِ اعتبار شراکت دار ہیں۔
صدر جمہوریہ نے یہ تجویز بھی رکھی کہ بھارت اور قطر اختراع، ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اَپس کے شعبوں میں وسیع تر تعاون میں اضافہ کریں۔ انہوں نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ملکوں کے، ملکر کام کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا کہ یہ نہ صرف بھارت اور قطر کے عوام کے لیے، بلکہ دنیا کے تمام لوگوں کے لیے اہم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بھارت-قطر تعلقات کو، دفاعی شراکت داری کی سطح تک لے جانے سے، مزید سرگرمیوں کے لیے ایک خاکہ وجود میں آئے گا۔
صدر جمہوریہ مرمو نے، دورے پر آئے ہوئے رہنماء کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔×