صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج نئی دلّی میں سال 2022 کے، 70ویں قومی فلم ایوارڈس عطا کئے۔اِس موقع پر ممتاز اداکار متھن چکرورتی کو، سنیما کے میدان میں اعلیٰ ترین، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو اور وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
صدر جمہوریہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے متھن چکرورتی کو یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ صدر جمہوریہ نے فلم صنعت میں جناب چکرورتی کی طرف سے کئے گئے تعاون کا خاص طور پر ذکر کیا اور تعریف کی۔ صدر جمہوریہ نے ایوارڈ یافتہ فلموں کو یہ کہتے ہوئے سراہا کہ اِن فلموں سے سماج میں ایک مثبت تبدیلی آئے گی۔
اِس موقع پر جناب ویشنو نے کہا کہ حکومت ایک سہ رُخی فلم صنعت تیار کرنے کیلئے کام کر رہی ہے جو صلاحیت کو فروغ دینے، بنیادی ڈھانچے اور سہولت آمیزی پر مبنی ہو۔
انھوں نے کہا کہ آج جن فلموں کو ایوارڈ دیئے گئے ہیں وہ فلمیں عالمی وبا کے دوران شروع کی گئی تھیں اور اِن سے ہمارے سماج اور ملک کے صبر وتحمل کا اظہار ہوتا ہے۔
تخلیق کاروں کے قومی ایوارڈ شروع کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ NDA حکومت، اپنی تاریخی تیسری مدت میں اِس تخلیقی معیشت کو ایک جہت فراہم کرنے کی پابند ہے۔
اطلاعات ونشریات کے سکریٹری سنجے جاجو نے کہا کہ سال 2022 کیلئے وزارت کو، فیچر فلم زمرے میں 32 مختلف زبانوں میں 309 فلموں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور غیر فیچر زمرے میں 17 زبانوں میں 128 فلموں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
سورج بڑجاتیہ کو اُن کی فلم ’اونچائی‘ کیلئے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ فیچر فلم کے زمرے میں بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ ’گُل مُہر“ کو دیا گیا ہے۔ فلمساز کرن جوہر کو فلم Brahmastra Part-1 کیلئے AVGC میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔موسیقی کے زمرے میں اَری جیت سنگھ کو بہترین مرد پلے بیک سنگر اور بامبے جے شری کو بہترین خاتون پلے بیک سنگر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
Site Admin | October 8, 2024 9:40 PM